لائیو سٹریم کے دوران سابق شوہر نے ٹک ٹاک سٹار لڑکی کو زندہ جلا دیا



بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین میں ایک ٹک ٹاک سٹار لڑکی کو اس کے سابق شوہر نے لائیو سٹریم کے دوران زندہ جلا ڈالا۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ ہولناک واقعہ چین کے مغربی علاقے ایبا میں پیش آیا ہے جہاں ریم نامی یہ 30سالہ لڑکی اپنے گھر میں موجود تھی اور سوشل میڈیا پر لائیو سٹریم کر رہی تھی کہ اس دوران اس کا سابق شوہر گھر میں گھس آیا اور اس کی فیملی کے سامنے اس پر حملہ کر دیا۔ ملزم نے ریم پر تیل ڈال کر اسے آگ لگا دی جس سے اس کا 90فیصد جسم بری طرح جھلس گیا اور وہ بے ہوش ہو گئی۔
رپورٹ کے مطابق 2ہفتے تک ریم کوما میں ہی ہسپتال میں زندگی و موت کی لڑائی لڑتی رہی اور گزشتہ روز موت کے منہ میں چلی گئی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جس کی شناخت تینگ کے نام سے ہوئی ہے۔ ریم نے اس آدمی کے آئے روز کے جسمانی تشدد سے تنگ آ کر طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا جس کا ملزم کو رنج تھا۔ ان دونوں کے دو بیٹے بھی ہیں۔ ریم ٹک ٹاک سمیت دیگر چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کافی مقبول ولاگر تھی۔ ٹک ٹاک پر اسے 7لاکھ 82ہزار لوگوں نے فالو کر رکھا تھا۔ 

تبصرے

مشہور اشاعتیں