منی لانڈرنگ کیس :شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست مسترد, گرفتار کرلیا گیا

 


لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہورہائیکورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست کو مستردکردیاجس کے بعد صدر ن لیگ شہباز شریف نے خود اپنی گرفتاری پیش کر دی ہے ۔

نجی ٹی وی جی این این کے مطابق لاہورہائیکورٹ میں منی لانڈرنگ اورآمدن سے زائداثاثوں کے کیس میں شہبازشریف کی عبوری درخواست ضمانت پرسماعت ہوئی،جسٹس سرداراحمدنعیم،جسٹس فاروق حیدرپرمشتمل بنچ نے سماعت کی،شہبازشریف کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔

شہبازشریف خودروسٹرم پر آگئے، عدالت نے کہا ابھی آپ کے وکلا دلائل دے رہے ہیں ، کوئی بات رہ جائے گی تو پھرآپ اپنا موقف پیش کریں ۔

وکیل شہبازشریف نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ریکارڈ پر ہے کہ نیب نے افسانوی کہانی بنائی، پتہ نہیں یہ کیس کیوں بنایاگیا،ریفرنس دائر ہو چکا ہے اورتحقیقات بھی مکمل ہوچکی ہیں ،اب گرفتاری کی کیا وجوہات ہیں ؟۔

وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ اگرشہبازشریف کو گرفتار کرلیا جاتا ہے اور6 ماہ جیل میں رکھیں تو کیا فائدہ ہوگا؟،جس نے ایک ہزار ارب روپے بچائے ہوں وہ چند ارب کا رسک کیوں لے گا۔

جسٹس فاروق نے استفسار کیا کیا ریفرنس کی نقول تقسیم ہو گئیں؟وکیل اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ کاپیاں تقسیم ہو گئیں لیکن فرد جرم ابھی عائد نہیں ہوئی ، حکومت بلدیاتی الیکشن سے پہلے چاہتی ہے ”سونیاں ہوجان گلیاں وچ مرزا یار پھرے“

شہبازشریف نے کہاکہ ہزاروں صفحات پر مشتمل ریفرنس میں ایک بھی ثبوت نہیں ،میں نے دن رات محنت کر کے پنجاب کے عوام کی خدمت کی ،جو جواب عدالت میں پیش کیا ہے اس کو دہراوَں گا نہیں،پروکیورمنٹ میں ایک ہزار ارب روپے پاکستان کے بچائے ،اڑھائی سو سال لگ جائیں گے میرے خلاف کرپشن ثابت نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے کہاکہ میرا ضمیر مجھے مجبور کر رہا تھا، ہم نے اورنج لائن میں 600 ملین روپے بچائے، مجھ پر الزام لگایا گیا ہے کہ میرے بے نامی اثاثے ہیں،اختیارات سے تجاوز کیا ہوتا تو مجھے پھر اپنے بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے تھی ، شہبازشریف نے کہاکہ اورنج لائن میں ہم نے بولی لگوائی حالانکہ قانون اجازت نہیں دیتا تھا ،سندھ کے مقابلے میں گنے کی قیمت زیادہ رکھی ، میرے بچوں اور عزیزوں کی شوگر ملز کو نقصان ہوا، صدر ن لیگ نے کہاکہ میرے والداور 7بھائیوں نے 1940میں کام شروع کیا،میرے والد نے 18 ماہ میں 6 فیکٹریاں لگائیں

لاہورہائیکورٹ نے فریقین کے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کی عبوری ضمانت کی درخواست کو مستردکردیا۔صدر ن لیگ شہباز شریف نے گرفتاری دیدی۔صدر ن لیگ شہبازشریف کو نیب ہیڈکوارٹر لاہور منتقل کیا جائے گا،نیب کی ٹیم کل شہبازشریف کو ریمانڈ کیلئے احتساب عدالت میں پیش کرے گی ۔

تبصرے

مشہور اشاعتیں