آل پارٹیز کانفرنس ،نوازشریف نے اپنی تقریر میں نیب کو بھی آڑے ہاتھوں لے لیا




 اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق 

وزیراعظم نوازشریف نے نیب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سچی بات تو یہ ہے کہ 

ایک ڈکٹیٹر کے بنائے ہوئے اس اداروے کو برقرار رکھنا ہماری غلطی تھی ، ہم نے 

نہیں سوچا تھا کہ یہ ادارہ اس حد تک گر سکتاہے ، یہ ادار ہ نہیں بلکہ اندھے 

حکومتی انتقام کا آلہ کار بن چکا ہے

تفصیلات کے مطابق نوازشریف کا کہناتھا کہ اس ادارے کا چیئرمین جاوید اقبال اپنے عہدے اور اختیارا ت کا نازیبا استعمال کرتے ہوئے پکڑا جاتاہے لیکن کوئی انکوائری نہیں ہوتی ہے نہ ہی ایکشن لیا جاتاہے اور نہ ہی شفافیت کے دعویدار عمران خان پر کوئی جون رینگتی ہے ، اس کے باوجود یہ شخص ڈھٹائی سے اپنے عہدے پر براجمان اور انتقام کے ایجنڈے پر دھڑلے سے عمل کرتاہے ،لیکن بہت جلد ان سب کا یوم حساب آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے اور ہمارے اعلیٰ عدالتیں نیب کے منفی کردار پر بڑی واضح رائے دے چکی ہیں ،یہ ادارہ بد بو دار ہو چکا ہے ، یہ مکمل طور پر اپنا جواز کھو چکا ہے . اپوزیشن کے لوگ اس کا نشانہ بنے ہوئے ہیں جو اپنے گھر کی خواتین کے ساتھ نیب کے دفتروں اور عدالتوں اور جیلوں میں رل رہے ہیں جو نیب سے بچتا ہے ،اسے ایف آئی اے سپرد کر دیا جاتا ہے ،جو ایف آئی اے سے بچے اینٹی نارکوٹکس کے ہتھے چڑھ جاتاہے جو وہاں سے بچ جائے اسے جھوٹے مقدمے میں پکڑ لیا جاتاہے۔


تبصرے