شیخوپورہ: شوہر کی موجودگی میں خاتون کے ساتھ گینگ ریپ



 شیخوپورہ کے علاقے کالا شاہ کاکو میں خاوند کی موجودگی میں مبینہ طور پر خاتون سے گینگ ریپ کیا گیا جس کے بعد پولیس نے کچھ افراد کو حراست میں لے لیا۔
ڈی پی او شیخوپورہ غازی صلاح الدین کے مطابق فیروزوالا پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔
ڈی پی او نے بتایا کہ شیخوپورہ کا ایک مالشیا ریپ کا شکار ہونے والی خاتون اور ان کے شوہر کو مینار پاکستان سے ٹھکانے اور روزگار کا جھانسہ دے کر اپنے گاؤں لے گیا تھا۔
دونوں میاں بیوی ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی ہیں اور راولپنڈی میں بھی لوگوں کے گھروں میں کام کرتے رہے ہیں۔
حالات سے مجبور ہو کر واپس لاہور آئے اور کرایہ ختم ہوجانے کے باعث مینار پاکستان کے پاس آکر بیٹھے تھے کہ ان کی ملاقات اس مالشیے سے ہوئی جس نے انہیں اپنے گاؤں چلنے پر آمادہ کرلیا۔ جس کے بعد اس کے 2 ساتھی موٹر سائیکل پر میاں بیوی کو ساتھ لے گئے۔
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ مالیشیے کے گاؤں میں متعدد افراد نے ان کے شوہر کی موجودگی میں ان کے ساتھ گینگ ریپ کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کا میڈیکل اور ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جارہا ہے۔ مزید تفتیش جاری ہے۔

تبصرے